کاروار : 3؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)گوا حکومت کی جانب سے چلنے والی الکٹرک بسوں نے کاروار کے عوام کا دل جیت لیاہے۔ ابھی تک کاروار کی ڈپو میں ایک بھی الکٹر ک بس کی سہولت نہیں ہے۔ لیکن گوا کی کدمبا بس سروس کی وجہ سے کاروار کے مسافر الکٹرک بس کا لطف لینے لگےہیں۔
ہردن 6بسیں مڈگاؤں سے کاروار اور کاروار سےمڈگاؤں کے درمیان سفرکرتی ہیں۔ صبح 6بجے سے ہی گوا کے مڈگاؤں سے کاروار کے لئے الکٹرک بسوں کا سفر شروع ہوتاہے۔ صبح 6بجے، 30-6بجےاور7بجے تین الکٹرک بس کاروار کے لئے نکلتی ہیں۔ اسی طرح دوپہر میں 1بجے، 40-1بجے اور 40-2بجے مڈگاؤں سے کاروار کےلئے بسیں اپنا سفر شروع کرتی ہیں۔
مڈگاؤں سےنکلنے والی الکٹرک بس کان کون، پائی نگنی ، ماشا، لولیم ، ملیکارجن سمیت کل 30مقامات پر اسٹاپ ہونےسے مسافروں کو سہولت مہیا کی گئی ہے۔ مڈگاؤں سے کاروار پہنچنے کےلئے الکٹرک بس 2گھنٹے 10منٹ کا وقت لیتی ہے۔
خصوصی سہولیات:گوا سے چلنے والی الکٹرک بسوں میں 48سیٹوں کے علاوہ کئی ساری خصوصی سہولیات دستیاب ہیں۔ الکٹرک بس مکمل طورپر ماحول دوست بس ہے۔ الکٹرک بسیں جب چلتی ہیں تو رتی برابر آواز نہیں آتی، دراصل ان بسوں سے کوئی آواز نکلتی ہی نہیں۔ ایک مرتبہ مڈگاؤں چارجنگ اسٹیشن پر بس کی بیاٹری 4گھنٹوں تک چارج کی جاتی ہے تو بغیر کسی رکاوٹ کے 260سے 280کلومیٹر تک کاسفر بہ آسانی طئے کرتی ہیں۔ بس کےپیچھے والے حصے میں چارجنگ کےلئے تین ساکٹ ہیں، 4 گھنٹے چارجنگ کرنےکے دوران میں دو ساکٹ کا استعمال کرسکتےہیں۔ ایمرجنسی میں فوری طورپر صرف 2گھنٹوں میں چارج کرنے کےلئے تیسرا ساکٹ استعمال کرسکتےہیں۔
الکٹرک بسوں میں جدید ٹکنالوجی کے شاک آبزورس نصب کئے گئےہیں، سفر کے دوران میں مسافروں کو کسی بھی موقع پر دھچکےنہیں لگتے، نہ ہلنے جلنےکا تجربہ ہوتاہے۔ اس لئے ان بسوں میں سفر کرنےسے پیٹھ درد ، گردن درد ، قئے ہونے کا خدشہ نہیں ہونےکا بس کےمسافروں اور ڈرائیوروں کا کہنا ہے۔ سڑک پر جہاں کہیں اتار چڑھاؤ یا ہمپ ہوتےہیں وہاں بس بڑی آسانی سے گزر جانے سے مسافروں کو اپنی نشست سے اُڑ کر گرنے کا خدشہ بھی نہیں رہتا۔
مسافر دوست بس :الکٹرک بس اتنی مسافر دوست ہےکہ اس میں بوڑھے بزرگ، بچے چڑھتے ہیں تو پوری بس سڑک کے برابر کی جاتی ہے تاکہ بس میں چڑھنےکے لئے کوئی دقت نہ ہو۔ یعنی پوری بس کی باڈی سڑک کی سطح پر لائی جاتی ہے تاکہ کسی کو کوئی تکلیف نہ ہو۔ اور جو افراد بہت زیادہ اپاہج ہوتےہیں انہیں چڑھنے اور اترنے کے دوران میں بس باڈی کو زمین کی سطح پرلانے کے ساتھ ساتھ بس کو اتنا جھکایا جاتاہے کہ بس اور زمین دونوں برابر ہوجاتےہیں اور اپاہج لوگ بہت ہی آسانی کے ساتھ اپنا پیر بس پر رکھ سکتےہیں۔ خاص بات یہ ہےکہ اس دوران بس اسٹارٹ نہیں رہتی بلکہ آٹومیٹک نظام کے ذریعےسب کچھ انجام دیاجاتا ہے اور بس اپنی صحیح پوزیشن پر آنے کے بعد ہی اسٹارٹ ہوتی ہے۔
بس ڈرائیور کا کہنا ہے کہ الکٹرک بس میں گئیر اور کلچ سسٹم نہیں ہے صرف ایکسلیٹر اور بریک ہے۔ بس کتنی بھی رفتار میں کیوں نہ دوڑے کلچ سے پیر نکال کر بریک دبائیں گے تو بس آسانی سے رک جاتی ہے۔ بس میں تین بٹن ہیں، ایک بٹن دبائیں گے تو بس اسٹارٹ ہوگی ، دوسرا بٹن دبانے پر رِورس اور تیسرے بٹن پر بس رک جاتی ہے۔ گوا کے کدمبا بس ڈرائیوروں کو الکٹرک بس ڈرائیونگ کےلئے ڈیڑھ مہینہ تربیت دی گئی ہے۔ بہت ساری سہولیات سے آراستہ الکٹر ک مڈگاؤں سے کاروار کا 82کلومیٹر کا کرایہ صرف 83روپئے ہے ۔ فیم انڈیا اسکیم کے تحت گوا حکومت نے ایسی 50الکٹرک بسوں کے لئے پیش کش ارسال کی تھی، جس میں اب تک 30بسیں حاصل کی ہیں تو بقیہ 20بسیں بہت جلد ملنےکی توقع ظاہر کی گئی ہے۔